حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، والفجر ایجوکیشنل و ولفیئر ٹرسٹ ممبئی ہندوستان نے ایران میں حالیہ فسادات اور شہر شیراز میں ہوئے دہشتگردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اپنا بیان جاری کیا ہے جس کا متن حسب ذیل ہے:
باسمہ تعالیٰ
و سیعلم الذین ظلموا ای منقلب ینقلبون
گزشتہ ۲۶, اکتوبر کو ایران کے تاریخی شہر شیراز میں واقع احمد بن موسی ؑ معروف بہ شاہ چراغ کے حرم میں مغرب کے وقت ایک مسلح دہشتگرد کی فائرنگ کے نتیجہ میں ۱۵ زائرین شہید اورتقریبا ۳۰ زائرین زخمی ہوگئے جن میں ایک خاتون اور ۲ بچے بھی شامل ہیں اس حملے کی ذمہ داری دہشتگرد تنظیم داعش نے قبول کی ہے۔
انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی کے فورا بعد سے ہی اسلام دشمن قوتوں نے اسلامی انقلاب کو ختم کرنے کے لئے ہر طرح کے حربے استعمال کئے اور اسی کے نتیجے میں آٹھ برس تک عراق ایران کی جنگ بھی ہوئی اُس وقت پوری دنیا صدام ملعون کے ساتھ کھڑی تھی اور جب دشمن اس انقلاب کو ختم کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے تو انہوں نے ایران پر ہر طرح کی پابندیاں عائد کر دیں اور یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے لیکن ان تمام مشکلات کے باوجود اسلامی انقلاب مسلسل ترقی کرتا رہا اور اب اس انقلاب کی جڑیں اتنی مضبوط ہیں کہ امریکہ جیسی بڑی طاقت بھی ایران پر براہ راست حملہ کرنے کی جرأت نہیں کر سکتی لہذا اب انہوں نے اس انقلاب کو ختم کرنے کا ایک دوسرا طریقہ اپنایا ہے کہ جسے ہر شکست خوردہ انسان آزماتا ہے اور وہ طریقہ چھپ کر وار کرنا ہے کہ جسے مختلف موقعوں پر ایران کے خلاف امریکہ اور غاصب اسرائیل نے آزمایاہے لیکن ہر مرتبہ ناکام ہوئے اور تاریخ گواہ ہے کہ امریکہ نے ہی دنیا کی تمام دہشتگرد تنظیموں کو جنم دیا ہے اور ان کو اپنے مقاصد کی تکمیل کے لئے گاہے بگاہے مختلف ممالک پر استعمال کرتا رہا ہے چونکہ امریکہ انقلاب اسلامی ایران سے مسلسل ۴۳ سالوں سے شکست کھا رہا ہے لہذا ایران ہمیشہ اس کے حملوں کی زد پر رہا ہے۔
آج پھر پوری دنیا نے ایران کے شہر شیراز میں ایک وحشیانہ حملے کا منظر دیکھا کہ جس میں بے گناہ زائرین اور نمازیوں کو شہید کیا گیا کہ جن میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں ایک طرف امریکہ سمیت تمام مغربی ممالک حقوق انسانی کی دہائی دیکر ایران کے خلاف پابندیاں عائد کرتے ہیں تو دوسری طرف یہی ممالک اپنے ہمنواؤں سعودی عرب اور اسرائیل وغیرہ سے مل کر ایران میں بے گناہ لوگوں کو شہید کر رہے ہیں اور ایران کے خلاف کوئی بھی غیر انسانی فعل انجام دینے سے گریز نہیں کرتےلہذا ایک بار پھر ایران میں بے گناہوں پر حملہ کیا گیا جس کی وجہ سے ہمارے دل داغدار اور آنکھیں اشکبارہیں ہم اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اس دہشتگردی کے عاملین کو ان کے کیفر کردار تک پہونچانے کا مطالبہ کرتے ہیں ہم سب اس مصیبت کی گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
آخرمیں شہداء کے پسماندگان کو تسلیت پیش کرتے ہوئے مجروحین کی جلد سے جلد شفایابی کی دعا کرتے ہیں اور امام زمانہ( عج) اور رہبر انقلاب اسلامی حفظہ اللہ کی خدمت میں بھی تعزیت پیش کرتے ہیں ۔